Posts Tagged ‘پاکستان’

In میڈیا,پاکستان,دہشت گردی on نومبر 5, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: میڈیا, پاکستان, افغان جنگ, روزنامہ ڈان, سیکولر مجاہد, شاہ نواز فاروقی, عالمی دہشت گرد امریکا
شاہنواز فاروقی
ایک مغربی مفکر کا قول ہے کہ جنگ اور محبت میں سب کچھ جائز ہے۔ مغربی ذہن ہرچیز کو طاقت کے نقطہ نظر سےدیکھتا ہے، یہاں تک کہ محبت کو بھی۔ اس سےاندازہ کیا جاسکتا ہےکہ مغربی ذہن جنگ کو کتنا ہولناک بناسکتا ہے…. بالخصوص امریکی ذہن۔ اس ذہن کے زیراثر اخبار کی شہ سرخی میزائل اور خبر کا متن بارودی سرنگوں سےبھرا ہوا میدان بن سکتا ہے۔ اس کا تازہ ترین ثبوت 26 اکتوبر کےروزنامہ ڈان کراچی کےصفحہ اوّل پر شائع ہونےوالی خبر ہے۔
شہ سرخی کےساتھ شائع ہونے والی خبر بابا فرید گنج شکر کےمزار پر ہونے والے بم ھماکےسےمتعلق ہے۔ کہنے کو خبر ڈان کے رپورٹر نےفائل کی ہےلیکن خبر کی شہ سرخی اور متن پڑھ کر خیال آتا ہےکہ خبر امریکی فوج کےکسی سپاہی نےسپردِ قلم کی ہوگی۔
اس کا پہلا ثبوت خبر کی شہ سرخی ہے۔ خبر اہم تھی اور تمام اخبارات نے اسےصفحہ اوّل پر شائع کیا ،لیکن ڈان کےسوا کسی اخبار نےبھی اسےشہ سرخی کےساتھ شائع نہیں کیا۔ روزنامہ جنگ کراچی نےخبر کو پانچ کالمی سرخی کےساتھ شائع کیا۔ دی نیوز کراچی نے اسے تین کالمی سرخی کےساتھ رپورٹ کیا ہے۔ روزنامہ جسارت کراچی نےاسےچار کالمی سرخی کےلائق سمجھا۔ لیکن اس پر شہ سرخی صرف روزنامہ ڈان نےلگائی۔ حالانکہ انگریزی اخبارات بالخصوص ڈان اس طرح کی خبروں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔ اہم بات یہ ہےکہ ڈان خبر کو شہ سرخی کے ذریعے میزائل بنا کر نہیں رہ گیا، اس نے اپنے سنجیدہ مزاج کےبرعکس سرخی کےالفاظ بھی چیختے چنگھاڑتے منتخب کیے ہیں۔ ڈان کی شہ سرخی یہ تھی:
"Yet another shrine comes under attack”
اس سرخی کے ذریعے رپورٹر نے صرف واقعے کو رپورٹ نہیں کیا بلکہ اس نے اپنے قاری کو یاد دلایا ہےکہ مزارات پر مسلسل حملے ہورہےہیں اور بابا فرید کےمزار پر حملہ اسی سلسلےکی تازہ ترین کڑی ہے۔ تجزیہ کیا جائےتو اس سرخی میں زرد صحافت کرنے والےاخبارات کی طرح کی سنسنی خیزی ہے اور کسی انگریزی اخبار کیا قومی نوعیت کے اردو اخبار سے بھی اس طرح کی سنسنی خیزی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔
اس طرح کی خبر تحریر کرنے کا اصولی اور کلاسیکل طریقہ یہ ہےکہ خبر کا ایک جامع ابتدائیہ لکھا جائےجس میں خبر کےتمام اہم پہلوئوں کا احاطہ ہوجائے، اور پھر متن میں ابتدایئے کی تفصیلات دےدی جائیں۔ ڈان میں اکثر خبریں اسی طرح تحریر ہوتی ہیں، مگر زیر بحث خبر اس طریقےسے نہیں لکھی گئی۔ خبر کا ابتدائیہ ختم ہوا تو رپورٹر نے اپنےقارئین کو یاد دلانا ضروری سمجھاکہ یہ گزشتہ چار ماہ میں ہونے والا اس نوعیت کا تیسرا اور 2007ء سے اب تک ہونے والا پانچواں واقعہ ہے۔ رپورٹر چاہتا تو یہاں بات ختم کرکے ابتدایئےکی تفصیلات بیان کرتا، مگر اُس نےاس کےبعد مزارات پر ہونے والےتینوں حملوں کی تفصیلات تحریر کرڈالیں۔ بلاشبہ خبر میں اس طرح کی تفصیلات دی جاتی ہیں مگر خبر کے آخر میں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ خبر ”مثلثِ معکوس“ یا Inverted Pyramid کےاصول پر تحریر کی جاتی ہے۔ یعنی خبر کی سب سے اہم بات سب سے پہلےتحریر کی جاتی ہےاور پھر اہمیت کےاعتبار سےدوسری باتیں۔ لیکن ملک کےسب سےبڑی، سب سےاہم، سب سےسنجیدہ اخبار کا رپورٹر یہ خبر فائل کرتےہوئےخبر تحریر کرنےکےاصول کو یکسر بھول گیا۔ اِس سلسلےمیں اُس کی ساری دلچسپی یہ نظرآئی کہ اس کےقارئین خبر کی ابتداء ہی سے یہ باور کرلیں کہ دھماکا یقینا طالبان نےکیا ہےجو خون آشام ہیں، درندےہیں، مزارات کےدشمن ہیں، ان پر جانے والوں کو کافر سمجھتےہیں۔ تو کیا طالبان نے بم دھماکےکی ذمےداری قبول کی ہے؟ اس حوالےسے ڈان کے رپورٹر نےجو کچھ لکھا ہےاسے پڑھ کر بیک وقت رویا بھی جاسکتا ہےاور ہنسا بھی جاسکتا ہے۔ ڈان کےرپورٹر نےلکھا ہے:
"No one claimed responsibility for attack, but in the past Taliban militants have been blamed for such attacks.”
(ترجمہ) ”کسی نےحملےکی ذمےداری قبول نہیں کی تاہم ماضی میں طالبان کےجنگجوئوں پر اس طرح کےحملوں کا الزام عائد کیا جاتا رہا ہے۔“
تجزیہ کیا جائےتو ڈان کےرپورٹر نےالزام کو ”امر واقع“ کےانداز میں رپورٹ کرڈالا۔ پاکستان میں رائےعامہ کےدرجنوں رہنما کہہ رہےہیں کہ پاکستان میں جتنے بم دھماکے ہورہےہیں ان میں امریکا اور اس کےادارےملوث ہیں، مگر ہم نےڈان کی کسی خبر میں آج تک یہ نہیں پڑھا کہ ماضی میں اس طرح کے واقعات کا الزام امریکا پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔ ویسےخالص خبر یا Hard news میں کہیں بھی الزامات کا ذکر نہیں ہوتا۔ خبر میں الزام کا حوالہ آتا بھی ہےتو الزام لگانےوالےکا نام ساتھ لکھا جاتا ہے۔ ایسا اس لیےکیا جاتا ہےکہ الزام کا الزام اخبار کےبجائےالزام لگانےوالےکے سر جائے۔ لیکن ڈان کے رپورٹر کو طالبان سے ایسی نفرت ہےکہ اس نےیہ بتانا بھی ضروری نہیں سمجھا کہ ماضی میں طالبان پر بم دھماکےکرنےکا الزام کون عائد کرتا رہا ہے؟ اگر یہاں یہ فرض کرلیا جائےکہ رپورٹر کا اشارہ حکومت کی طرف ہوگا، تو حکومت کےالزامات کا یہ حال ہےکہ وزیر داخلہ رحمن ملک نےعبداللہ شاہ غازی کےمزار پر حملہ کرنےوالوں کےنام جاری کیےمگر ایک دن بعد ہی معلوم ہوگیا کہ دونوں خودکش بمبار ”زندہ “ ہیں۔
ڈان کے رپورٹر کو داد دینی چاہیےکہ اس نےخودساختہ مذہبی انتہا پسندوں یا طالبان کا تعاقب خبر کی آخری سطروں تک کیا۔ خبر کی آخری سطروں کا ترجمہ یہ ہے:
”کہا جاتا ہےکہ پاک پتن میں واقع (بابا فرید کا) مزار لاہور کے داتا دربار کےبعد ملک کا مقدس ترین مزار ہے۔“
یہاں سوال یہ ہےکہ ان سطروں میں ”داد کےقابل“ بات کیا ہے؟ اس سوال کا جواب یہ ہےکہ خبر میں صوفیائےکرام کےمزارات کو Revered یعنی ”مقدس“ قرار دیا گیا ہے۔ یہ بجائےخود قابلِ اعتراض بات نہیں لیکن ڈان اپنے سیکولر کردار کےباعث مسلمانوں کےقبلہ اوّل کو بھی مقدس قرار نہیں دیتا۔ وہ فلسطینیوں کی جدوجہد کو قومی، سیاسی اور سیکولر جدوجہد باور کراتا رہا ہے، لیکن طالبان کےخلاف عوامی جذبات کو ابھارنے کےلیے اسے صوفیائےکرام کے مزارات میں بھی ”تقدس“ نظر آنےلگا ہے۔
امریکا نےخلیج کی پہلی جنگ ذرائع ابلاغ کی مدد سےلڑی اور جیتی تھی۔ وہ افغانستان کےخلاف جارحیت میں بھی ذرائع ابلاغ کی مدد سےکامیاب ہونا چاہتا ہے۔ لیکن ان دونوں مثالوں کا فرق یہ ہےکہ خلیج کی پہلی جنگ امریکا نے اپنےذرائع ابلاغ کی مدد سےجیتی تھی لیکن افغانستان کی جنگ میں مقامی ”سیکولر مجاہدوں“ کا کردار اہم ہے۔ مالکان اور صحافیوں کی صورت میں یہ سیکولر مجاہد اخبارات اور جرائد میں موجود ہیں۔ ریڈیو اور ٹی وی چینلوں میں موجود ہیں۔ امریکا کی طرح اس کےسیکولر مجاہدوں کو بھی معلوم ہےکہ امریکا افغانستان سے شکست کھا کر نکلےگا تو تاریخ بدل کر رہ جائےگی، چنانچہ وہ ایک ایک خبر اور ایک ایک تجزیے پہ جان لڑا رہےہیں۔

In پاکستان on اکتوبر 9, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: نوابزاده خواجه خان هوتی, وصول شاہ, کرپشن, پاکستان, امیر حیدر خان ہوتی, امداد اقوام متحدہ, ایزی لوڈ, اے این پی, بابا, خیبرپختونخوا, سیلاب زدگان
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی المعروف ایزی لوڈ والے بابا کے شہر مردان سے ان کی اپنی پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ محمد خان ہوتی نے انکشاف کیا ہے کہ اے این پی کی حکومت سیلاب زدگان کے لیے جمع شدہ اربوں روپے کا بڑا حصہ خود ہڑپ کرگئی ہے اور باقی کھانے میں مصروف ہے۔ میرے لیے یہ خبر باعث تعجب نہیں بہر حال گھر کی گواہی اہم ضرور ہے۔ اے این پی کا اگر اس کی پاکستان دشمنی اور بھارت و روس دوستی کے علاوہ کوئی حوالہ تھا تو وہ کفن چور اور آٹا چور پارٹی کا تھا۔ اس کی حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام آٹے سے محروم ہوجاتے ہیں۔ اب سیلاب زدگان کے لیے جمع ہونے والی امدادی رقوم بھی یہ کھاگئے۔
امیر حیدر خان کے پی اے کا نام رسول شاہ سے وصول شاہ صرف اس لیے پڑ گیا ہے کیوں کہ وہ وزیر اعلیٰ کے لیے وصولی کرتا ہے۔ مردان شہر کے رکشوں کے پیچھے ’’ باباته ايزي لوډ اوکه‘‘( بابا کو ایزی لوڈ کردو) اور حکومت کی طرف سے جبری طور پر اُسے ہٹانے کے بعد ’’بابا په خفه کيږي”(بابا اس سے ناراض ہوتے ہیں) سب نے لکھا ہوا دیکھا۔ لیکن سیلاب زدگان کے لیے جمع رقوم کو دونوں ہاتھوں سے کھانا بہت ہی زیادہ بے ہودہ بات ہے، یہ الگ بات ہے کہ بے ہودہ کیا ہوتا ہے یہ ان کو نہیں پتہ۔
نوابزادہ صاحب نے یہ بھی بتایا کہ پٹواریوں کو جعلی وطن کارڈ لسٹوں کی تیاری میں لگا دیا گیا ہے ۔ اے این پی کے رہنما وطن کارڈ کے ذریعے اپنی جیبیں بھرنے کا پلان بناچکے ہیں۔

In پاکستان on ستمبر 29, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: فوزیہ صدیقی, منور حسن, پاکستان, الطاف حسين, امریکا, عافیہ صدیقی, عالمی دہشت گردی, عراق
کوئی کہتا ہےالطاف حسین نےپنیترا بدل دیا‘بعض کا خیال ہےکہ یہ لندن میں اپنےگرد گھیرا تنگ کرنےوالوں کو دھمکی ہے‘کچھ کی رائےمیں اس کا تعلق ملک کےاندر کےجوڑ توڑ سے ہے۔ عافیہ صدیقی کی سزا کےخلاف فقید المثال ریلیوں سےبھائی کےٹیلی فونک خطاب سے دو دن قبل انہوں نےایک خط کےذریعےاطلاع دی کہ پنجابی/پاکستانی اسٹبلشمنٹ کےبعد اب انٹرنیشنل اسٹبلشمنٹ بھی ان کےپیچھےپڑگئی ہےاور ان کو مٹانےکےدرپے ہے۔ یہ غیر معمولی اطلاع(بریکنگ نیوز) تھی کیوں کہ انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کےحوالےسےقادیانی لابی کی پرچی اور سرٹیفکیٹ بھی الطاف بھائی کےپاس تھی۔پھر متحدہ سےامریکا کےتعلق کی حالت یہ ہےکہ امریکی سفیر پاکستان آتےجاتےبھائی کےلوگوں سےملنا ضروری سمجھتی ہیں(تصویر اور تبصرہ بشکریہ جسارت ذیل میں ملاحظہ کریں)
اب ممکنا ت پرکچھ بات کریں۔ ہوسکتا ہےالطاف حسین کا ذہن بدلا ہو اور اسی کےسبب انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ یعنی امریکا ان کےپیچھےپڑگیا ہو۔ ہم اللہ سےجو دعائیں مانگتےہیں ان میں ایک دعا موت کےوقت زبان پر کلمہ طیبہ کےحوالےسےبھی ہے۔ لہٰذا اللہ کسی انتہائی نیک بندےکو آخری لمحےکےعمل کےسبب جہنم اور کسی برےبندےکوآخری لمحات میں اچھےعمل کےسبب جنت میں داخل فرماتےہیں۔ ممکن ہو کہ الطاف بھائی کی سوچ بدلی ہو اور میری دعا ہےکہ وہ اپنی باتوں پر قائم رہےتو میری دلی نفرت ان کےلیےمحبت میں تبدیل ہوتےدیر نہیں لگےگی۔
متحدہ مخالف کچھ لوگوں کو یہ کہتےبھی ہم نےسنا ہےکہ الطاف حسین کےاندر منور حسن کی روح چلی تھی/ہے۔ بعض نےکہا کہ جماعت والوں نےلندن سکریٹریٹ پر قبضہ کرکےمنور حسن سےالطاف حسین کی آواز میں تقریر کروائی ہے۔ ایک صاحب اس پر کہنے لگےکہ تقریر تو یقینا الطاف حسین نےکی ہےلیکن انہوں بالآخر وہی باتیں کیں جو جماعت اسلامی گزشتہ 9برسوں سےکررہی ہے۔
معاملہ جو بھی ہو‘ الطاف حسین کےتمام تر تاریک ماضی کےباوجود کل وہ ہمیں کچھ اچھےلگ رہےتھی۔ اللہ کرےوہ مستقل اچھےلگنےکا سامان کرتےرہیں اور ان کا ’یوٹرن‘ ’یوں ٹرن‘ نہ ہو۔
نوٹ: جنگ اخبار کی آج کی سرخی بھی خلاف معمول دلچسپ ہے۔


In فوج,میڈیا,پاکستان on اگست 30, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: فوج, فوزیہ وہاب, فاروق ستار, وسیم اختر, کیانی, پاکستان, الطاف حسین, ایم کیو ایم, بابر غوری, حیدر عباس روضوی
تحریر :علی خان
مصیبت تو ان بے چاروں کی ہے جن کے کاندھوں پر ترجمانی کا بوجھ لاد دیا گیا ہے۔ پارٹی کے سربراہ کچھ بھی کہہ کر الگ جا کھڑے ہوتے ہیں جیسے محاورہ ہے کہ ”بھُس میں چنگی ڈال بی جمالو دور کھڑی۔“ چنگی میں غالباً چ کے نیچے زیر ہے اور یہ چنگاری کی نصفیر ہوسکتی ہے ورنہ پیش والی چنگی پر تو محصول وصول کیا جاتا ہے اور اب یہ چنگیاں جگہ جگہ لگی ہوئی ہیں، ہر آدمی اپنی زندگی کا محصول ادا کررہا ہے۔ لیکن بی جمالو بھی بھُس ہوگا تو اس میں چنگی ڈالے گی۔ اسے چھوڑیے کہ بی جمالو کون ہے، سب جانتے ہیں، مگر یہ بھُس کیا ہے؟ سوچیے۔
ترجمانوں پر بڑا ستم ہے، اور جب یہ ترجمانی بی بی فوزیہ وہاب کی طرف سے ہو تو اچھے خاصے کامیڈی سرکس کا مزہ آجاتا ہے۔ وضاحت کا بوجھ فیصل رضا عابدی پر بھی ڈال دیا جاتا ہے مگر وہ ہوشیار آدمی ہیں، جارحانہ انداز اختیار کرکے صاف بچ نکلتے ہیں۔ صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر کا تو ایک ہی کام ہے کہ ہر خبر کی تردید کردی جائے خواہ وہ جوتا اُچھالنے کے بارے میں ہی کیوں نہ ہو۔ موبائل پر ایک ایس ایم ایس ملا ہے کہ ایک رہنما نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ان کی پریس کانفرنس مسجد میں ہوا کرے گی سبب اس کا یہ کہ وہاں لوگ جوتے اُتار کر داخل ہوتے ہیں۔ شاید یہ اعلان من گھڑت ہو ورنہ تو مسجدیں بھی خود کش حملہ آوروں سے محفوظ نہیں اور یہ جوتے سے زیادہ خطرناک ہے۔ پھر جن کو اپنے جوتوں کا تحفظ درکار ہوتا ہے وہ مسجد میں بھی جوتے بغل میں دبا کر داخل ہوتے ہیں۔ کسی نے کہا، میاں جوتے اپنے سامنے رکھنے سے نماز نہیں ہوتی۔ جواب ملا جوتے پیچھے رکھنے سے جوتے نہیں رہتے۔ اس کا تجربہ سبھی کو ہوگا بشرطیکہ مسجد میں گئے ہوں۔ ایک شاعر نے کہا تھا کہ:
اپنے جوتوں سے رہیں سارے نمازی ہوشیار
اک بزرگ آتے ہیں مسجد میں خضر کی صورت
برمنگھم کے ہال میں داخل ہونے والا پی پی کا کارکن شمیم خان بھی دیکھنے میں تو خضر صورت ہی لگا مگر اسے خود ننگے پاﺅں گھر جانا پڑا۔ سنا ہے کہ اس کے جوتے ضبط کرلیے گئے تھے۔ جوتا ولایتی تھا، ہدف دیسی،اس سانحہ پر بھی ترجمانوں نے کئی وضاحتیں کیں اور ہر وضاحت دوسری سے مختلف۔ لیکن لوگ امریکی صدر بش کے کلب میں شمولیت پر فخر کرتے پائے گئے ہیں۔
آج کل سب سے زیادہ مشکل میں متحدہ قومی موومنٹ کی پوری ٹیم ہے۔ بوجھ وہ آن گرا ہے کہ اٹھائے نہ بنے۔ ہمت کی داد نہ دینا نا انصافی ہوگی۔ ہمیں ایک ترجمان کا قصہ یاد آگیا۔ ایک بھائی کو شیخیاں مارنے کی عادت تھی۔ پہلے تو ایسے لوگ کم کم ہوتے تھے اور جو ہوتے تھے وہ میاں خوجی کی طرح افسانوی کردار بن جاتے تھے، اب ایسے لوگ سیاست میں آجاتے ہیں۔ تووہ صاحب اپنے شکار کے قصے سنا رہے تھے۔ کہنے لگے ایک ہرن پر اس طرح گولی چلائی کہ اس کے کُھر سے ہوتی ہوئی سر سے نکل گئی۔ سننے والے نے تعجب کا اظہار کیا تو مصاحب خاص نے ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ہرن اس وقت اپنے کُھر سے سر کھجا رہا تھا۔
اس وقت بہت سے لوگ اپنے کُھروں سے سر کھجا رہے ہیں۔ الطاف بھائی تو شوشا چھوڑ کر الگ جا کھڑے ہوئے۔ ان کی طرف سے کوئی وضاحت نہیں آرہی لیکن متحدہ کا ہر نمایاں اور غیر نمایاں شخص وضاحتیں کرتا پھر رہا ہے۔ چینل والے بھی کسی نہ کسی کو پکڑ لیتے ہیں اور بال نہ ہو تو کھال اُتار رہے ہیں، دوسروں کے لیے اپنی کھال بچانا دشوار ہورہا ہے۔
ملک جس وقت سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا، الطاف بھائی نے اس پانی میں مارشل لا کی کشتی اتار دی۔ 22 اگست کو ”اپنی قوم“ سے خطاب کرتے ہوئے وہ فوج کو مارشل لا لگانے کی دعوت دے بیٹھے۔ پانی ساکت تو نہیں تھا لیکن بھائی نے جو بھاری پتھر پھینکا اس سے نئے بھنور اُٹھ رہے ہیں، نئے دائرے بن رہے ہیں اور ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ان کے ترجمان رضا ہارون سے لے کر ڈاکٹر فاروق ستار تک اور حیدر عباس رضوی سے بابر غوری تک بھائی کے ایک ایک جملے اور نکتے کی تفسیر بیان کررہے ہیں، سمجھا رہے ہیں کہ اس کا مطلب یہ نہیں یہ ہے۔ لیکن بھائی کا خطاب ریکارڈ پر ہے جو بار بار بجایا جارہا ہے۔یہ ہز مسٹرز وائس ہے کہ انکار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ الطاف حسین نے واضح طور پر کہا ہے کہ محب وطن جرنیل اگر مارشل لا جیسا قدم اٹھائیں گے تو وہ اور پوری ایم کیو ایم ان کی حمایت کرے گی۔ یہ صاف صاف مارشل لا لگانے کی دعوت ہے۔ مگر ترجمان چونکہ، چنانچہ، اگر‘ مگر کررہے ہیں۔ الطاف بھائی کی پارٹی مرکز اور صوبہ سندھ میں اقتدار میں شریک ہے۔ بہتر تو یہ تھا کہ خود وزیراعظم یا الطاف بھائی کے دوست آصف علی زرداری ان سے براہ راست پوچھتے کہ اس پردہ زنگاری میںکون ہے اور اقتدار میں رہتے ہوئے جنرلوں کو مارشل لا لگانے کی دعوت دینے کا مقصد کیا ہے۔ مگر وزیر اعظم تو اس پر تعجب کا اظہار کرکے رہ گئے۔ قمر زمان کائرہ نے بھی کھل کر مذمت نہیں کی اور ایوان صدر میں خاموشی طاری ہے۔ بعض باتوں کا شافی و کافی جواب بے شک ”باشد خموشی“ ہوتا ہے مگر کبھی کبھی خاموشی نیم رضا کے مصداق بھی ہوتی ہے۔
ایسا نہیں ہے کہ الطاف حسین نے بلا سوچے سمجھے ایک بات کہہ دی۔ وہ جو کچھ بھی کہتے ہیں خوب سوچ سمجھ کر اور اس کے نتائج کا جائزہ لے کر کہتے ہیں۔ خطاب سے پہلے کئی دن تک لکھ کراس کی مشق کرتے ہیں۔ انہوں نے بڑی ہوشیاری سے یہ جملے منتخب کیے ہیں کہ ” محب وطن“ جرنیل آگے بڑھیں اور جاگیرداروں، وڈیروں کے خلاف مارشل لا جیسے اقدامات کریں۔ اس میں کئی نکات وضاحت طلب ہیں جن کی تفسیر ان کے حواریوں سے بھی نہیں بن پارہی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بدعنوان جرنیلوں کی مذمت کی اور صرف محب وطن جرنیلوں کو ہلا شیری دیا ہے۔ لیکن جو بھی جرنیل مارشل لا لگائے یا ماضی میں لگایا اُسے محب وطن قرار نہیں دیا جاسکتا۔ حب الوطنی یہ نہیں کہ ایم کیو ایم کی آنکھ بند کرکے پشت پناہی کی جائے۔ جاننے والے جانتے ہیں کہ ایم کیو ایم کی تخلیق میں بھی فوج کا ہاتھ تھا۔ آئی ایس آئی کے ایک ڈی جی نے دعویٰ کیا تھا کہ ایم کیو ایم، جئے سندھ تحریک کا مقابلہ کرنے کے لیے بنائی گئی۔ لیکن پر، پرزے نکالتے ہی الطاف حسین نے سب سے پہلے جی ایم سید کے در پر حاضری دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بنگلہ دیش کی تاریخ نہیں دوہرائیں گے جب عوام نے پاک فوج کا ساتھ دیا اور فوج ان کو چھوڑ کر الگ ہوگئی۔ اب یہ بات سب کو معلوم ہے کہ 1971ءمیں الطاف حسین گلیوں میں کھیلتے ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی تاریخ سے ان کا کیا واسطہ۔ وہاں تو متحدہ پاکستان کے لیے البدر اور الشمس قربانیاں دے رہی تھی جو آج بھی الطاف بھائی کے نشانے پر ہے کہ حب الوطنی کا مظاہرہ کیوں کیا۔ بہرحال یہ ریکارڈ پر ہے کہ جنرل ضیاءالحق کے دور میں فوج نے ایم کیو ایم بنوائی تاکہ کراچی سے محب وطن جماعتوں کا اثر، رسوخ ختم کیا جائے۔ پھر اسی فوج نے 1992ءمیں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کیا۔ الطاف حسین طویل عرصہ تک فوج کو بُرا، بھلا کہتے رہے۔ 1988ءکے انتخابات میں الطاف حسین نے فوج کے تعاون سے قائم ہونے والی بے نظیر حکومت سے اتحاد کیا اور اسی اشارے پر اتحاد سے باہر آکر نواز شریف سے تعاون کیا۔ وہ یہ اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں ایک ایجنسی نے قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا اور انہوں نے کامل اطاعت کا مظاہرہ کیا، غالباً وہ محب وطن جرنیل تھے۔ پھر متحدہ کو جنرل پرویز مشرف جیسے محب وطن مل گئے اور کہا جانے لگا کہ جنرل پرویز مشرف اسلام آباد میں متحدہ کے سیکٹر انچارج ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ”مارشل لا جیسے اقدامات“ کیا ہوتے ہیں؟ مارشل لا تو مارشل لا ہی ہوتا ہے۔ شاید الطاف حسین کے ذہن میں جنرل پرویز مشرف کے اقدامات تھے جنہوں نے اقتدار پر قبضہ تو کیا مگر مارشل لا کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے اپنے آپ کو صدر منتخب کروانے کے بعد بھی آرمی چیف کی حیثیت سے اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کو گھر بھیج کر عملاً مارشل لا لگا دیا۔ الطاف نے کہا ہے کہ محب وطن جرنیل مارشل لا جیسا اقدام، جاگیرداروں اور وڈیروں کے خلاف کریں۔ عجیب منطق ہے! متحدہ کی پوری ٹیم اس بات کا جواب نہیں دے پارہی کہ یہ مارشل لا جیسے اقدامات کیا ہوتے ہیں اور ایک سول حکومت کے ہوتے ہوئے فوج کیسے مارشل لائی اقدامات کرے گی؟ حیدر عباس رضوی مصر ہیں کہ الطاف بھائی نے مارشل لا کو دعوت نہیں دی، ایم کیو ایم جمہوریت پسند جماعت ہے مگر جاگیردارانہ جمہوریت کو جمہوریت نہیں سمجھتی۔ کیاخوب۔ اس کے باوجود وہ اس حکومت کا حصہ ہے جو متحدہ کے نزدیک جمہوری نہیں ہے۔ اس پر الطاف حسین ہی کا جملہ یاد آتا ہے جو وہ اکثر لہک لہک کر سناتے ہیں کہ ”میٹھا میٹھا ہپ، کڑوا کڑوا تھو“۔ جب تک اقتدار کا میٹھا مل رہا ہے تب تک اس غیر جمہوری حکومت کا حصہ بننے میں کوئی ہرج نہیں۔
اس کی بھی کوئی وضاحت نہیں کہ محب وطن جنرلوں کی پہچان کیا ہے، فوج میں ان کی تعداد کتنی ہے اور باقی اگر محب وطن نہیں تو ان کا ردعمل کیا ہوگا۔ الطاف بھائی کے کاﺅ بوائز بڑی مشکل میں ہیں، الطاف حسین کے بیان سے لگتا ہے کہ ان کے مخاطب جنرل اشفاق پرویز کیانی ہیں جنہوں نے این آر او کی تشکیل میں آئی ایس آئی کے سربراہ کی حیثیت سے ضامن کا کردار ادا کیا۔ وہ این آر او جس کی وجہ سے متحدہ پر سیکڑوں فوجداری مقدمات ختم ہوگئے تھے۔ اب میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ جنرل پرویز مشرف سے کیے گئے خفیہ سمجھوتے کی وضاحت کریں جس کے تحت وہ سعودی عرب جاسکے۔ ضرور وضاحت طلب کرنی چاہیے لیکن جنرل پرویز مشرف نے جو این آر او جاری کیا تھا اس کا فائدہ اٹھانے والوں میں متحدہ سب سے آگے تھی۔ الطاف حسین پر اب بھی مقدمات قائم ہیں، انہیں عدالت سے مفرور قرار دیا گیا۔ ان کے واپس نہ آنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے اور یہ حقیقت بھی نظر میں رہے کہ الطاف حسین پر کئی مقدمات قائم ہونے کے باوجود وہ فوج کی مدد ہی سے ملک سے باہر گئے تھے۔ جہاں انہوں نے برطانوی شہریت حاصل کرکے اپنی منزل پالی اور کارکن کہتے رہ گئے کہ ہم کو منزل نہیں، رہنما چاہیے۔ کیا احمقانہ بات ہے۔ رہنما منزل کی طرف ہی تو رہنمائی کرتا ہے اور یہ رہنما سب کو چھوڑ چھاڑ کر برطانیہ کو اپنی منزل قرار دے کر بیٹھ رہا۔ اب مارشل لا لگانے کے مشورے دیے جارہے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ الطاف بھائی نے جو کچھ کہا بالکل صحیح کہا اور ان کے ایک ایک لفظ کا دفاع کریں گے۔ الطاف بھائی نے اپنے کارکنوں کی بہت اچھی تربیت کی ہے۔ ایسے کارکن بھی تھے جنہوں نے بھائی کے حکم پر نماز کی نیت توڑ دی تھی کہ اللہ کو تو بعد میں بھی منایا جاسکتا ہے، وہ بخش دینے والا ہے۔ ایک زمانے میں الطاف بھائی کی ولایت کا خوب چرچا ہوا تھا اور وہ شجر وحجر میں جلوہ گر ہورہے تھے۔ ایک مسجد کے سلیب پر ان کی شبیہہ نمودار ہوئی تو صحن سے وہ سلیب ہی اکھاڑ کر الطاف بھائی کے دروازے پر رکھ دیا گیا۔ جس کو ایسے معتقد میسر ہوں وہ ہواﺅں میں تو اُڑے گا۔ مگر اب ان کی ایسی کرامتوں کے چرچے بند ہوگئے ہیں۔ شاید کارکنوں کو بھی اندازہ ہوگیا ہے۔ تاہم پیر صاحب کے اشارے پر آج بھی کراچی میں بہت کچھ ہوجاتا ہے۔
اہم ترین سوال یہ ہے کہ الطاف حسین نے فوج کو مارشل لا لگانے کی دعوت کیوں دی ہے۔ یہ بے مقصد نہیں ہے۔ اس کا فوری فائدہ تو یہ ہوا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے بار بار متحدہ کا جو نام آرہا تھا وہ اس نئی بحث کے سیلاب میں کنارے لگ گیا ہے۔ اب سب کی توجہ مارشل لا کے حوالے سے الطاف حسین کی دعوت پر مرکوز ہے۔ لیکن کیا صرف یہی ایک بات ہے؟ یہ بھی نظر میں رہے کہ الطاف حسین نے فوج کو مارشل لا لگانے کی دعوت لندن میں امریکی سفارت کار سے تین گھنٹے کی ملاقات کے بعد دی ہے۔ جنرل کیانی کو مارشل لا کی کھائی میں دھکیلنے کے مشورے کے پیچھے اور بھی بہت کچھ ہے۔ ایک تجزیہ یہ ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث متحدہ کے کارکنوں پر فوج کی ایجنسیوں نے ہاتھ ڈالا ہے، پولیس اس کی جرات نہیں کرتی۔ تو یہ فوج کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ ہم پر ہاتھ نہ ڈالا جائے، ہم آپ کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ مگر کیا فوج ان کا مشورہ قبول کرلے گی۔ ایسے حالات نہیں ہیں۔ خزانہ خالی ہے، ملک سیلاب کی آفت میں گھرا ہوا ہے، مستقبل معاشی اعتبار سے بحران میں مبتلا ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔ ایسے میں فوج کبھی بھی مارشل لا کی گھنٹی اپنے گلے میں نہیں باندھے گی۔ اس کی خواہش یہی ہوگی کہ ان مسائل سے سول حکومت ہی نمٹے۔ الطاف بھائی کے مشورے پر فوج اس کھائی میں کودنے کو تیار نہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ فوج ہمیشہ سے اقتدار میں رہی ہے، کبھی آکے منظر عام پر، کبھی ہٹ کے منظر عام سے۔
اب اگر یہ کہا جائے کہ متحدہ ایسی حکومت سے الگ کیوں نہیں ہوجاتی جس پر جاگیرداروں کا قبضہ ہے اور جو جمہوری بھی نہیں تو جواب آئیں، بائیں، شائیں ہوتا ہے۔ بحث چل رہی ہے، تحاریک استحقاق اور تحاریک التوا جمع کرائی جاچکی ہیں۔ لوگ سیلاب میں ڈوب رہے ہیں، کھانے پینے کو، نہ رہنے کو۔ لیکن دانشوروں کو بحث کے لیے ایک اور عیاشی فراہم کردی گئی ہے۔ کیا ضرور ی ہے کہ ہر بات کا جواب دیا جائے؟ کسی کا شعر ہے:
تامرد سخن ناگفة باشد
عیب و ہنرش نہفتہ باشد
یعنی جب تک کوئی منہ نہ کھولے، اس کے عیب و ہنر پوشیدہ رہتے ہیں۔ الطاف بھائی میں خوبی یہ ہے کہ وہ سخن طرازی، سخن گستری سے گریز نہیں کرتے۔ اس طرح سب کچھ کھل کر سامنے آجاتا ہے۔ مگر پھر حواریوں کی مشکل آجاتی ہے کہ پردہ پوشی کیسے کی جائے، عیب کو ہنر کیوں کر ثابت کیا جائے۔ بہر حال لوگ مقابلہ تو خوب کررہے ہیں لیکن مارشل لا جیسے اقدامات کی وضاحت مشکل ہوگئی ہے۔ جولیس سیزر پر حملہ کرنے والوں میں اس کا قریبی دوست بروٹس بھی شامل تھا۔ جب اس نے بھی پیٹھ میں خنجر گھونپا تو جوبس سیزر نے بڑی حیرت سے کہا YOU TOO BRUTUS ۔ جنرل کیانی نے کیا کہا ہوگا، یہ ہماری سماعتوں تک نہیں پہنچ سکا۔

In فوج,پاکستان on اگست 26, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: فوج, مسلم لیگ ق, مسلم لیگ ن, پاکستان, امریکا, ایم کیو ایم, جمہوریت, جماعت اسلامی
برطانوی شہریت کے حامل قائد ِتحریک کے بیان کے بعد سے ٹی وی پروگراموں اور اخبارات کے صفحات پر تبصروں اور تجزیوں کا سلسلہ رکتا د کھائی نہیں دے رہا۔ ان ماہرانہ تجزیوں میں الطاف حسین کے بیان کے منظر، پس منظر، ٹائمنگ، اثرات، امکانات اور خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ کیا الطاف حسین نے یہ بیان امریکا اور فوج کی آشیرواد سے دیا ہے؟ کیا ملک میں مارشل لا لگنے والا ہے؟ کیا یہ مارشل لا کی راہ ہموار کرنے کی کوشش ہے؟ کیا تبدیلی کا وقت آچکا ہے؟ کیا الطاف حسین کو احساس ہوگیا ہے کہ اپنی من مانی کے لیے سیاسی سے زیادہ پرویزمشرف کے دور کی طرح فوجی حکومت ان کے لیے زیادہ بہتر ہے؟ یہ اور اسی طرح کے کئی اور سوالات اُٹھائے جارہے ہیں، ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے ایک دوسرے کو فوج کا ساتھی ہونے کا طعنہ دیا جارہا ہے۔ کچھ صحافی اور سیاست دان جرات ِاظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے بپھرے رہنماﺅں سے یہ سوال بھی کرتے نظر آرہے ہیں کہ اگر 63 برسوں میں سیاست دانوں نے بدانتظامی اور بدعنوانی کی تاریخ رقم کی ہے تو فوجی مارشل لاﺅں نے بھی اس قوم کو آگے بڑھنے نہیں دیا، بلکہ امن و امان کی خراب صورت حال اور زرداری جیسے لوگوں کی حکومت بھی فوج کی دین ہے۔ یہ سب سوال اہم ہیں، لیکن اس ساری بحث کے دوران ایک اہم نکتے کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ برطانوی شہریت والے پاکستانی قائد ِتحریک کا جو بیان اخبارات میں رپورٹ ہوا ہے اس کے مطابق انہوں نے ”محب وطن“ فوجی جرنیلوں کی طرف سے جاگیرداروں اور کرپٹ سیاست دانوں کے خلاف مارشل لا جیسے اقدام کی حمایت کا اعلان کیا اور امریکا سے بھی سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے بجائے ”عوام“ کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ الطاف حسین کے بیان میں عوام سے مراد ”ایم کیو ایم“ والے ہیں۔ فوجی جرنیلوں سے فوجی اقدام اور امریکا سے اس کی حمایت کے مطالبے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ الطاف حسین اقتدار میں آنے کے لیے ان دونوں کی منظوری ناگزیر سمجھتے ہیں۔ اس کو راقم الحروف کی توضیح سمجھا جاسکتا ہے، اس لیے ہم یہاں چیخنے چلاّنے کے لیے مشہور ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کا وہ جملہ من وعن نقل کرتے ہیں جو انہوں نے ٹی وی پروگرام میں ادا کیا اور جس میں انہوں نے الطاف حسین کے اس نکتے کی تشریح کی ہے۔ انہوں نے پروگرام کے شریک مہمان احسن اقبال اور پروگرام کے میزبان سے پوچھا کہ آج تک کون سی حکومت فوج اور امریکا کی مرضی کے بغیر آئی ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ ”کیا پاکستان میں کوئی فوج اور امریکا کے بغیر انتخاب جیت سکتا ہے؟“ اور پھر خود ہی جواب دیا کہ نہیں۔ایم کیو ایم کی قیادت نے نہ صرف اس بات کا اعتراف کیا کہ ایم کیو ایم خود فوج اور امریکا کے بل بوتے پر انتخابات جیتتی آئی ہے بلکہ دیگر جماعتوں پر بھی الزام لگایا کہ اُن کا ووٹ بینک دراصل عوامی نہیں بلکہ فوج اور امریکا کی مرضی ہے۔ ووٹ بینک کے تذکرے پر ضمنی بات کرتے چلیں کہ سسی پلیجو کے حلقے کا ایک آدمی ٹی وی غالباً ”سی این بی سی“ پر گلہ کرتا پایا گیا کہ میں نے انہیں پورے تین ووٹ ڈالے ہیں لیکن آج حال یہ ہے کہ آٹے کے تینوں ٹرک وہ اپنے گھر لے گئیں اور ہمیں پوچھا تک نہیں۔ اس پر ساتھ کھڑے دوسرے شخص نے کہا کہ میں نے تو 5 ڈالے تھے جس کا اب مجھے افسوس ہے۔ سسی کے حلقے شاید عوام ہوں، لیکن کراچی میں یہ خدمت حمایتی یا عوام نہیں بلکہ ایم کیو ایم کے کارکن انجام دیتے ہیں، اور پھر جہاں کُل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ہزار‘ بارہ سو ہوتی ہے وہاں بیلٹ باکسوں سے تین، چار ہزار ووٹ نکلتے ہیں۔جیسا کہ عرض کیا، کراچی کے ”ووٹ بینک“ کی مالک ایم کیو ایم کے قائد کے بیان کے بعد مارشل لا کے بارے میں تو بات ہورہی ہے لیکن کوئی اس اعتراف کے تناظر میں الیکشن کمیشن کے ادارے اور اس کے کردار پر بحث نہیں کررہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ الطاف حسین نے بیان دیا نہیں بلکہ اُن سے دلوایا گیا ہے تاکہ فوج کی طرف سے ممکنہ شب خون کے بارے میں رسک اسسمنٹ کیا جاسکے۔ معروف میزبان اور صحافی کامران خان کا اس موضوع پر اِسی وقت ہی سروے کرنا بھی معنی خیز اور اسی رسک اسسمنٹ مشق کا حصہ معلوم ہوتا ہے، اس لیے اس پر تمام سیاسی اور غیر سیاسی حلقوں کی طرف سے ناپسندیدگی کا اظہار نہایت ضروری ہے تاکہ فوج کو پیغام مل سکے کہ اب کی بار اس کے آنے پر مٹھائیاں تقسیم نہیں ہوں گی، لیکن اتنا ہی ضروری اس سوال کا جواب تلاش کرنا بھی ہے کہ اگر فوج اور امریکا ہی کو پارلیمنٹ تشکیل دینا ہے تو پھر جمہوریت اور انتخابات کا ڈراما ہی کیوں؟ کیوں نا اس ملک کی اصل حکمران فوج اور اس کا آقا امریکا فیصلہ کرلیں کہ کس کس کو پارلیمنٹ کا ممبر بننا ہے، کون وزیراعظم اور کون صدر کے منصب پر فائز ہوگا؟ پروگرام میں موجود احسن اقبال کا فرمانا تھا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت بھی فوج کی نامزد کردہ ہے۔ حکومتیں تو ساری فوج کی نامزد کی ہوئی ہیں، لیکن احسن اقبال نوازشریف کی بڑے مینڈیٹ والی حکومت کو فوج اور امریکا کی نامزد کردہ حکومت نہیں کہیں گی، حالانکہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو یا مسلم لیگ ن یا ق کی…. سب کی پالیسیاں واشنگٹن کی خواہش کی عکاس رہی ہیں۔ ایم کیو ایم کے اعتراف کے بعد اُن لوگوں کے منہ بند ہوجانے چاہئیں جو جماعت اسلامی پر فوج اور امریکا سے تعلق کا الزام لگاتے ہیں۔ یہ بات اب ثابت ہوچکی ہے کہ جماعت اسلامی کا ملک کی سب سے بڑی اسٹریٹ پاور ہونے کے باوجود انتخابی کامیابی حاصل نہ کرنا اس بات کی بہت بڑی دلیل ہے کہ جماعت اسلامی جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں کے علاوہ فوجی کارپوریٹوکریسی کے عوام مخالف اقدامات کو ختم کرکے وطنِ عزیز کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی اسلامی معاشرہ بنانے کی خواہاں واحد محب وطن سیاسی جماعت ہے، اور اس کی خواہش کو نہ تو امریکا پورا ہوتا دیکھنا چاہتا ہے اور نہ ہی ملکی دفاع کے اپنے اصل کام کو چھوڑ کر اقتدار پر براجمان ہونے کے خواہشمند فوجی جرنیلوں کو یہ منظور ہے۔ صدر زرداری نے دو دن کے توقف کے بعد زبان کھولی تو فرمایا کہ فوجی بغاوت کا خطرہ نہیں۔ اس کی وجہ ”اچھی نیت والے شخص“ کو قرار دیا، جو ان کے خیال میں حکومت گرانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ فوج کی کمان سنبھالنے کے فوراً بعد اپنے ماتحتوں کو سیاست سے دور رہنے کا مشورہ باقاعدہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے دینے والے جمہوریت پسند جنرل پرویزکیانی نے الطاف حسین کے بیان کو کئی دن گزرنے کے باوجود ایک بیان جاری کرنے کی ضرورت کیوں محسوس نہ کی جس سے یہ ساری بحث ختم ہوجاتی؟ کیا آئی ایس پی آر کی خاموشی معنی خیز نہیں؟ کیا اس سے یہ تاثر درست ثابت نہیں ہوتا کہ اس وقت مارشل لا کی باتیں کرنے والے فوج ہی کی ترجمانی کررہے ہیں!الطاف حسین، پیر پگارا اور عمران خان اقتدار پانے کے لیے فوج کی ترجمانی کریں لیکن میڈیا کا فرض ہے کہ وہ سچ کی ترجمانی کرتے ہوئے امریکا کی مرضی سے فوج کے کاندھوں پر سوار ہوکرآنے والوں کا اصل کردار عوام کے سامنے کھول کر رکھ دے تاکہ ’اسٹیٹس کو‘ کو برقرار رکھنے والوں کو شکست دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا جاسکے۔

In میڈیا on اگست 6, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: لفافے, نذیر ناجی, ڈان, پاکستان, پاکستان ،ذرائع بلاغ, انصار عباسی, جنگ،
میڈیا کسی بھی معاشرے میں خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس کا اثر نہ صرف سیاسی اکھاڑے پر ہوتا ہے بلکہ یہ معاشرے کی مجموعی سمت کا تعین بھی کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے لیے معاشی، حربی اور سیاسی پالیسیاں بنانے والے صہیونیوں اور ان کے صلیبی دوستوں نے اس سے پروپیگنڈے کا کام بخوبی لیا ہے۔ پاکستان میں نجی ٹی چینلز کے قیام کے بعد میڈیا کے اثرات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی میڈیا پر جانب داری کے علاوہ بنیادی طور پر تین قسم کے الزامات لگائے جاتے ہیں۔ ناقدین کا خیال ہے کہ کئی ایسی چیزیں ہیں جو میڈیا کو نہیں دکھانی چاہئیں۔ بعض ناقدین کا خیال ہے کہ میڈیا جان بوجھ کر کچھ حقائق عوام تک نہیں پہنچاتا۔ اسی طرح بعض لوگ میڈیا پر تکنیکی لحاظ سے تنقید کرتے ہیں۔ یہ الزامات عام طور پر باہر سے لگائے جاتے ہیں، تاہم گزشتہ چند دنوں کے دوران ایسا لگا کہ میڈیا کے کردار سے واقف اس کے کچھ حصے وعدہ معاف گواہ بن کر ان خرابیوں کی نشاندہی کررہے ہیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ وعدہ معاف گواہ بننے والوں کا تعلق بڑے اور بااثر ابلاغی گروپوں سے ہے۔ صف ِ اول کے اخبارات میں چھپنے والے کچھ حصے قارئین کے لیے مرتب کیے ہیں، ملاحظہ کیجیے۔
……..٭٭٭……..
معاصر روزنامہ ’پاکستان‘ اپنے 31 جولائی2010ءکے اداریے ”الیکڑونک میڈیا اور طیارے کا حادثہ“ میں لکھتا ہے: ”ہمارے قارئین نے ٹیلی فون اور ایس ایم ایس کے ذریعے حادثے کے دن الیکڑونک میڈیا کے بعض حلقوں کی طرف بڑے افسوس کے ساتھ توجہ دلائی اور شدید احتجاج کرتے ہوئے زور دیا کہ رپورٹنگ اور
تبصروں کے لیے کوئی ضابطہ اخلاق وضع کیا جائے“۔
اداریے کے مطابق کئی قارئین نے میڈیا کا قبلہ درست کرنے کے لیے سڑکوں پر آنے کی دھمکی دی تو کچھ نے سپریم کورٹ سے ’سوموٹو ایکشن‘ لینے کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض نے رپورٹنگ کے معیار پر تنقید کی۔ اخبار کے اداریے میں آگے لکھا ہے: ”اس میں کوئی شک نہیں کہ الیکڑونک میڈیا کی وسعت نے پاکستانی قوم میں بیداری کی ایک نئی لہر پیدا کی ہے۔ ’ٹاک شوز‘ نے بحیثیت ِمجموعی قومی معاملات سے دلچسپی کو کئی گنا کیا ہے۔ آگہی اور آگاہی کی فضا کو پروان چڑھانے کی کامیاب کوشش کی ہے‘ لیکن مسابقت اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی دوڑ اور بعض غیر تربیت یافتہ (اور کم تعلیم یافتہ) افراد کی موجودگی نے اس کے امیج کو منفی طور پر متاثر کیا ہے۔
حادثہ اسلام آباد کے دن کئی بچکانہ تبصرے ہوئی، جائے حادثہ اور لقمہ اجل بننے والوں کو جس انداز میں کیمروں کی زد میں لیا گیا، اس نے دلوں کو دُکھایا۔ فضائی حادثے میں مرنے والوں کی لاشیں نہ شناخت کی جاسکتی ہیں اور نہ سلامت رہ سکتی ہیں۔ اس طرح کی منظرکشی کی گئی کہ کلیجہ منہ کو آگیا۔ کئی تبصرہ نگاروں نے ایسے غیر محتاط الفاظ استعمال کیے جن سے لواحقین کے غم میں اضافہ ہوا۔ موسم اور پہاڑی علاقے کا کوئی لحاظ نہ کرتے ہوئے امدادی کارکنوں کو بے رحمانہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جاں بحق ہونے والوں کے گھروں کی طرف بھی کیمرے دوڑا دیے گئے۔ غم سے نڈھال والدین اور اہلِ خانہ کو سوالات کے کچوکے دیے گئے۔ وہ کچھ پوچھا گیا جس کی نہ کوئی ضرورت تھی نہ محل“۔ اخبار واضح کرتا ہے: ”پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن نے دہشت گردی کے واقعات کی کوریج کے لیے ازخود ایک ضابطہ تیار کرکے معاملات کو سنبھالا، اب بھی ضروری ہے کہ یہ اپنے خودسروں کو لگام ڈالے۔ کیمرے اور زبان کا استعمال احتیاط کا تقاضا کرتا ہے، نہ تو سب کچھ دکھانے کا نام آزادی ہے، نہ سب کچھ کہہ دینے کا نام بہادری ہے…. میڈیا کی آزادی معاشروں کو طاقتور اور ذمہ دار بنانے کے کام آنی چاہیے۔ انہیں پسپا اور رسوا کرنے کے لیے نہیں۔“ روزنامہ پاکستان کا یہ اداریہ بتارہا ہے کہ میڈیا وہ کچھ دکھا رہا ہے جو اسے نہیں دکھانا چاہیے۔ تاہم ملک کے دگرگوں حالات کا نقشہ کھینچتے ہوئے دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی اس پہلو پر روشنی ڈال رہے ہیں کہ میڈیا کیا کچھ دکھانے سے گریز کررہا ہے۔ روزنامہ پاکستان کے برعکس وہ الیکٹرونک اور پرنٹ دونوں طرح کے میڈیا پر تنقید کرتے ہیں۔
……..٭٭٭……..
انصار عباسی 2 اگست 2010ءکے روزنامہ جنگ میں لکھتے ہیں: ”ہر طرف تباہی و بربادی، قتل و غارت، دہشت گردی، خودکش دھماکی، فرقہ واریت، مذہبی اور لسانی شدت پسندی، کرپشن، ناانصافی، لوڈشیڈنگ، اقربا پروری، عوامی دولت کی لوٹ کھسوٹ، کرپٹ حکمران‘ بددیانت سیاستدان اور بے حس عوام نظر آتے ہیں“۔ انصار عباسی مزید لکھتے ہیں: ”ہر طرف بے ایمانی، ناانصافی، بددیانتی اور لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔ حکومتی دفتروں میں چلے جائیں یا پرائیویٹ اداروں کو دیکھیں، سیاستدانوں کے رویّے کا جائزہ لیں یا سرکاری افسروں کے عوام سے سلوک پر نظر دوڑائیں، صحافت کے بڑے بڑے عَلم برداروں اور تجزیہ کاروں کا اصلی چہرہ دیکھیں یا کاروباری افراد کی ہیرا پھیریاں…. ہر طرف دھوکا، فراڈ، سفارش، رشوت ستانی اور زور زبردستی کا راج ہے۔“ میڈیا کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے انصار عباسی رقم طراز ہیں: ”اگر سیاستدانوں نے سیاست کو مال بنانے کا ذریعہ بنالیا ہے تو صحافت میں بھی کالی بھیڑوں کے کالے کرتوتوں کو مکمل تحفظ دیا جاتا ہے۔ صحافی چاہے کوئی بدفعلی کرے یا بدمعاشی، کرپشن کرے یا بلیک میلنگ، اُسے پولیس پوچھ سکتی ہے اور نہ ہی عدالت۔ صحافتی تنظیمیں ہوں یا میڈیا مالکان، سب جانتے ہیں کہ کون صحافت کو کاروبار کے طور پر استعمال کررہا ہے، کون بلیک میلر ہے، کون کس سے پیسے اور پلاٹ لے رہا ہے، مگر کوئی بھی کچھ کرنے کو تیار نہیں۔ ہم سیاستدانوں، ججوں، جرنیلوں اور افسر شاہی کے احتساب کی بات تو کرتے ہیں مگر اپنے احتساب کے لئے قطعی طور پر تیار نہیں۔ صحافت میں ڈاکوﺅں، لٹیروں اور بلیک میلروں کو صحافتی برادری کا حصہ ہونے کی وجہ سے کوئی چھو نہیں سکتا، اور دن بدن ایسے لوگ صحافت میں اس انداز میں پھل پھول رہے ہیں جیسے کرپٹ سیاستدانوں اور سرکاری افسروں کو ہم ترقی کی منزلیں طے کرتے ہوئے دیکھتے ہیں ۔ بحیثیت قوم ہماری عزت ِ نفس باقی رہی اور نہ ہی ملکی خودمختاری۔ امریکی ڈرون حملوں پر کوئی آواز اُٹھتی ہے اور نہ کوئی احتجاج ہوتا ہے۔ اس کو بے غیرتی نہ کہیں تو کیا کہیں!“ ……..٭٭٭……..
29 جولائی2010ءکو ”مارگلہ کا سانحہ“ کے عنوان سے انگریزی روزنامہ ’ڈان“ کے رپورٹرز منور عظیم، سید عرفان رضا اور محمد اصغر اپنی ایک مشترکہ نیوز رپورٹ میں لکھتے ہیں: ”اسپتال توجہ کا خصوصی مرکز تھے جہاں بے آسرا لواحقین اپنے پیاروں کی (خیریت کی) خبر سننے کے لیے سخت پریشانی کی حالت میں جمع تھے۔ بدقسمتی سے میڈیا اور حکومت کی طرف سے زندہ بچ جانے والوں کے بارے میں غلط معلومات نے لواحقین کے درد و کرب میں اضافہ کیا۔“ روزنامہ ”ڈان“ اپنی30 جولائی 2010ءکے اداریے میں لکھتا ہے: ”مارگلہ پہاڑیوں میں المناک حادثے کے بعد توجہ ٹی وی نیوز چینلز کی جانب سے حادثے کی فوری کوریج کی جانب مبذول ہوئی ہے۔ فوری اتفاق اس بات پر ہے کہ اُن سنگین اور دانستہ کی گئی غلطیوں کو نہیں دوہرایا گیا جو اس سے قبل بڑے حادثات کور کرتے ہوئے کی گئی تھیں، تاہم اب بھی بہتری کی کافی گنجائش ہے…. سانس پھولے رپورٹرز کا یہ کہنا کہ وہ حادثے کے مقام سے سب سے پہلے رپورٹ کرنے والے ہیں، غیر ضروری ہے۔“ اخبار لکھتا ہے کہ اسی طرح مسافروں کی باقیات سے بھرے باڈی بیگز کے قریبی کیمرہ شاٹ لینا بھی نامناسب تھا۔ اسی طرح غمزدہ لواحقین کے چہروں کو دکھانا بھی انتہائی درجے کی معیوب بات تھی۔ اخبار کے مطابق ٹی وی چینلز کی طرف سے بغیر تحقیق کے مسافروں کے زندہ بچ جانے کی خبر غیر ذمہ داری اور بنیادی صحافتی اخلاقی اصولوں کی خلاف ورزی تھی۔
یہ مضمون فرائیڈے اسپیشل کراچی کے آج کے شمارے میں شائع ہوا ہے۔ گرافیک ویو میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ شکریہ

In فوج,پاکستان,دہشت گردی on جولائی 26, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: میاں افتخار حسین شاہ, پاکستان, امریکا, دہشت گردی، پختون, طالبان
میں صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین شاہ کے صاحبزادے کے قتل پر کچھ لکھنا چاہ رہا تھا لیکن آج کے اُمت اخبار میں تیمور کا بنایا کارٹوں دیکھ کر میں نے سوچا کہ اس پر کیا لکھوں ساری بات تو کارٹون میں بتادی گئی ہے۔

In مذہب on فروری 26, 2010 منجانب ابو سعد Tagged: قادیانی, ڈاکٹر عامر لیاقت حسین،, پاکستان, افتخار محمد چوہدری, ختم نبوت
یا رسول اللہ !دامن عمل تار تار ہے اور نافرمانی کے اتنے چھید ہیں کہ ہربھیدپر پردہ ڈالنے والا میرا رب ہم سب سے ناراض ہے…وہی رب جس نے آپ کو اپنا محبوب بنا کر تذکیہٴ نفس کے لیے ہمارے درمیان ہادی لقب عطا کر کے بھیجا…آقا کریم!اُس کی بارگاہ میں سفارش فرمادیجیے اورگذارش کردیجیے کہ وہ ہم خطاکاروں کو اپنے رحم کی چھایا میں پناہ دیدے، گناہوں کی تمازت نے تواحساسِ گناہ کوبھی جھلسا کے رکھ دیا ہے اور اب تو یہ حال ہے کہ اچھائی اور برائی میں کوئی فرق ہی محسوس نہیں ہوتا…آپ نے تو یتیموں کے سر پہ ہاتھ رکھنے کا حکم دیا تھا مگر ہمیں دیکھیے!اور اپنے نام لیواؤں کی شقاوت ملاحظہ فرمائیے کہ ہم نفرت اور عقیدوں کے خنجر سے قتل و غارت کے مزے لوٹ کر یتیموں ہی کو جنم دے رہے ہیں…اے ختمی مرتبت! آج آپ کی ختم نبوت کی حفاظت کے لیے اگر آپ کا کوئی عاشق منکرین ختم نبوت کے خلاف آواز بھی بلند کرتا ہے تو اُسے انتہا پسند، جابر اور ظالم کہہ کر اُس کے ایمان ہی پر سوالیہ نشان لگادیے جاتے ہیں، آپ ہی فرمائیے سرکار! کوئی آپ کو خاتم النبیین تسلیم ہی نہ کرے اور اُس کے باوجود اپنے آپ کو مسلمان کہلوانے پر تُلا رہے تو آپ کے پروانے کیا کریں؟صاحب یمامہ ہَوزہ نے جب یہ کہا تھا کہ میں ”محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر ایمان لانے کے لیے تیار ہوں، بس وہ مجھے اپنے کاموں میں شریک کرلیں اوراپنی نبوت میں حصے دار بنالیں“ تو پیارے آقا! میں غلط تو نہیں کہہ رہا نا کہ آپ کا رخِ انور جلال سے سرخ ہوگیا تھا…سیدی، مُرشدی!میں آپ پر بہتان کیسے باندھ سکتا ہوں ، اے سراہے گئے محمود! اپنے کسی بھی خیال پر آپ کے قول پاک کوگواہ بنانے کی سزااِس سے کم نہیں کہ میں خود ہی اپنا راستہ جہنم اختیار کرلوں لہٰذااے سب کے بعد آنے والے میرے پیارے عاقب!آپ ہی تو ختم نبوت کے پہلے محافظ ہیں اور آپ نے اپنے قاصد ِ محترم حضرت سلیط بن عمرو عامری
سے یہ فرمایا کہ” اگروہ زمین کا ایک ٹکڑابھی مجھ سے طلب کرے گاتو میں اُسے نہ دوں گا، وہ خود بھی تباہ ہوگا اور جو کچھ اُس کے ہاتھ میں ہے وہ بھی تباہ ہوگا“ اور یقینا ایسا ہی ہواتو پھر ہم عشاق کے لیے آپ کا یہ جلال کیاسنت نہیں؟ کہ جسے ہم ہرجھوٹے مدعی نبوت کے خلاف اختیار کریں؟ اور ایسا کرنے پر ہمیں کنویں کا وہ ٹرٹراتا مینڈک کیوں کہا جاتا ہے جو باہر نکل کر دنیا دیکھنے کو تیار ہی نہیں، ہم ایسوں کوکیسے سمجھائیں سرکارکہ اسباقِ عشق پڑھ کر آخرت بسانے کے لیے تسلیم و رضا کی دنیا کا مسافر بننا پڑتا ہے جہاں صرف ایک ہی بولی ، بولی جاتی ہے …عشق کی بولی!…
جب وقت کڑا تھا تو معتبرین، معتقدین کے درمیان یہ جملے ادا کیے کرتے تھے کہ ”ہم اللہ کے سوا اور کسی کو جواب دہ نہیں“ اور اب اِن معززین کا یہ حال ہے کہ بلا ٹلتے ہی سراُٹھا کر کہتے ہیں کہ ”ہم آئین کے بعد اللہ کو جواب دہ ہیں“…اے میرے مصدق! مجھے بتائیے تو سہی کہ ”اللہ کے بعد“ جیسے الفاظ موحد پرستی کا دعویٰ کرنے والے کسی فرد کی زبان سے ادا ہی کیسے ہوجاتے ہیں؟ فکر کی اِس پراگندہ لہر کو لفظ بننے سے پہلے ہی زبان اپنے آپ کو اُن پہرے دار دانتوں کے سپرد کیوں نہیں کردیتی جو اُسے اِس جرم میں چپا ہی ڈالیں…اختیارکے ساتھ تواضع نہ ہوتو غرور کے چھینٹے سفید پوش ایمان پر داغ ڈال ہی دیتے ہیں…آئین کے بعد اللہ …اُف! مجھ گناہ گار کے لیے تو یہ تصور بھی محال ہے ،جو کچھ ہے رب کے بعد ہے ، رب سے پہلے تو میرے آقا آپ بھی نہیں، وہ کہ جن پر میری ہر سانس نثار ، اے میرے سرکار آپ بھی نہیں! اور وہ جو خدا کا کلام ہے ، اُس کا بھی توخدا کے بعد ہی نام ہے …پھر یہ آئین کیا ہے جو ایک منصف کے بقول ”خدا سے بھی پہلے ہے “، اب جس کے جملے ہی ناانصافی کی شبیہ بن کر ابھرنے لگے ہوں، اُس سے انصاف کی اُمید کیسے لگائیں؟ جس کے تین گھنٹے تین منصفین کی تقرری کے لیے گفت و شنید کااثاثہ بن جائیں اور جو ایک دفعہ بھی یہ نہ پوچھ سکے کہ ”میں نے شَکر کی قیمت40روپے مقرر کرنے کا حکم جاری کیا تھا، اِس پر عمل درآمد کیوں نہ ہوا؟“اُس کی برہمیاں، تبصرے اور ریمارکس پہاڑ کی چوٹی پرکسی کامیاب کوہِ پیما کی وہ پکار لگتے ہیں۔
آج اگر پاکستان اپنا نام امریکا رکھ لے تو ”حُسین“ کے ساتھ اپنا تعلق جوڑنے کی ناکام کوشش کرنے والے منافق اوبامہ کو بھی تکلیف ہوگی…برطانیہ چلا اٹھے گا اگر فلسطین اپنے آپ کو انگلستان کہنے لگے، اِن سب کا غصہ اور احتجاج ، انسانیت اور انسانی اصولوں کے پلڑے میں انصاف کے توازن کے مطابق بجا ہے لیکن مسلمانوں کی شناخت پر اگر کوئی غیر مسلم حملہ کر کے اپنے آپ کو مسلمان کہلوانے پر مصر رہے تو شناخت میں عدم ملاوٹ کے یہ علمبردار اُس ڈاکو کے سب سے بڑے محافظ بن جاتے ہیں اور ختم نبوت کے محافظین کو جاہل، کم علم اور پُرتشدد فکر کا مالک قرار دے دیتے ہیں…اے گواہی دینے والے میرے آقا مشہود! ہم کیاکریں؟جال تو اغیار بُنتے ہیں مگر اُسے پھینکتے آپ کے اُمتی ہیں،نشاط و فرحت اور طاقت و برتری کی سڑاند نے ہم میں سے بعضوں کے ہاتھوں میں وہ تیز دھار خنجر تھمادیے ہیں جنہیں حق سمجھ کر ہم اُس کی دھار سے عقیدت کا گلا عقیدہ سمجھ کر کاٹ رہے ہیں…
اے نجی اللہ!صدیق اکبر
کی نسبت سے ایک مظلوم صدیقی، آپ کی عافیہ، لجّا کے درپن کے سامنے روز ہی اپنی بے حرمتی کا تماشا آنسوؤں کے قطروں سے دیکھتی ہے اور اُس کی لاج بچانے کے ذمے دار اپنی سوختہ آبرو کی راکھ میں ساکھ بچانے کے اشلوک پڑھ رہے ہیں…اے ہمارے مامون! اپنی بے بس عافیہ کو اب آپ ہی بچالیجیے کہ آپ کے ”غریب دین“ میں (آپ ہی نے فرمایا تھا کہ اسلام ایک دن غریب ہوجائے گا)اب ایمان کا ایساکوئی امیر نہیں بچا کہ جسے یہود و نصاریٰ کے ہاتھوں ایک مسلمان عورت کی برہنہ تلاشی کے قصے سنائے جاتے ہوں اور اُس کا لہو کھول اٹھتا ہو…البتہ چچ چچ اور ”بڑے افسوس کی بات ہے “ جیسی سرگوشیاں ماحول کا ایک چکر لگا کر ہوا میں ضرور تحلیل ہوجاتی ہیں، بس اِس سے زیادہ کچھ نہیں ہوتا…اے پسند فرمائے گئے مجتبیٰ!ہمارے لیے ہدایت کی التجا فرمایے تا کہ اللہ جل مجدُہ ہم سیاہ کاروں کو بھی پسند فرمالے ،ہم جانتے ہیں کہ وہ روٹھا ہوا ہے لیکن اِس کے باوجود خمیر کی اکڑ نے ہاتھوں کو اِس طرح سے جکڑ رکھا ہے کہ اجتماعی توبہ میں بھی گویا شان گھٹتی نظر آتی ہے اور بارگاہ میں لجاجت سے ہاتھ اٹھتے ہی نہیں …اب توہم وہ ہیں جو استکبار سے بہت قریب اور استغفار سے بہت دور ہیں، ہم تو وہ ہیں جنہوں نے دنیا کے چند روزہ میلے میں نشاط کامستقل جھولا لگا کر یہ گمان کر لیا ہے کہ شایدیہی آسودگی کی انتہا ہے…توپھراے درخواستوں کے قبول کرنے والے مجیب! ہمیں سنبھالیے، گمراہی کی گھاٹیاں منہ کھولے راہ تک رہی ہیں اور ہم آنکھ میں حیاتِ نظر کی حقیقت کے باوجودبصد شوق گرنے کے لیے تیار ہیں…!
اے خبر رکھنے والے حفّی! ہم بیکسوں کی خبر تو لیجیے، دیکھیے کہ ہر شے میں سے برکت اٹھتی ہی جارہی ہے ، سکون و اطمینا ن کا کہیں نام و نشان تک نہیں،جن پہ تکیہ تھا وہ بھی اب بدلتے جارہے ہیں،کیسا منظر ہے کہ ہر فرد کو اپنی ہی پڑی ہے ، کوئی کسی کا پرسانِ حال نہیں،اب یہاں اصولوں کے نہیں فتح و شکست کے سکے چلتے ہیں…جب وقت کڑا تھا تو معتبرین، معتقدین کے درمیان یہ جملے ادا کیے کرتے تھے کہ ”ہم اللہ کے سوا اور کسی کو جواب دہ نہیں“ اور اب اِن معززین کا یہ حال ہے کہ بلا ٹلتے ہی سراُٹھا کر کہتے ہیں کہ ”ہم آئین کے بعد اللہ کو جواب دہ ہیں“…اے میرے مصدق! مجھے بتائیے تو سہی کہ ”اللہ کے بعد“ جیسے الفاظ موحد پرستی کا دعویٰ کرنے والے کسی فرد کی زبان سے ادا ہی کیسے ہوجاتے ہیں؟ فکر کی اِس پراگندہ لہر کو لفظ بننے سے پہلے ہی زبان اپنے آپ کو اُن پہرے دار دانتوں کے سپرد کیوں نہیں کردیتی جو اُسے اِس جرم میں چپا ہی ڈالیں…اختیارکے ساتھ تواضع نہ ہوتو غرور کے چھینٹے سفید پوش ایمان پر داغ ڈال ہی دیتے ہیں…آئین کے بعد اللہ …اُف! مجھ گناہ گار کے لیے تو یہ تصور بھی محال ہے ،جو کچھ ہے رب کے بعد ہے ، رب سے پہلے تو میرے آقا آپ بھی نہیں، وہ کہ جن پر میری ہر سانس نثار ، اے میرے سرکار آپ بھی نہیں! اور وہ جو خدا کا کلام ہے ، اُس کا بھی توخدا کے بعد ہی نام ہے …پھر یہ آئین کیا ہے جو ایک منصف کے بقول ”خدا سے بھی پہلے ہے “، اب جس کے جملے ہی ناانصافی کی شبیہ بن کر ابھرنے لگے ہوں، اُس سے انصاف کی اُمید کیسے لگائیں؟ جس کے تین گھنٹے تین منصفین کی تقرری کے لیے گفت و شنید کااثاثہ بن جائیں اور جو ایک دفعہ بھی یہ نہ پوچھ سکے کہ ”میں نے شَکر کی قیمت40روپے مقرر کرنے کا حکم جاری کیا تھا، اِس پر عمل درآمد کیوں نہ ہوا؟“اُس کی برہمیاں، تبصرے اور ریمارکس پہاڑ کی چوٹی پرکسی کامیاب کوہِ پیما کی وہ پکار لگتے ہیں۔
جس کی گونج پلٹ کر صرف اُسی کو سنائی دیتی ہو…اے خوشخبری دینے والے بشیر! کوئی خوشخبری سنائیے،دل بیٹھا جارہا ہے، عقل پرستوں کے تصادم سے نئی فکر کی چمکتی بجلیاں ڈرائے دے رہی ہیں،کہیں بہت برا نہ ہوجائے ،ایک بار ہم ناسمجھوں کو بتادیجیے نا کہ اللہ کو کیسے راضی کریں…اے کامل ! ہمارے اردگرد ہرطاقت ور جسے اپنی حکومت پر ناز ہیتیار بیمھا ہے کہ آج نہیں تو کل ہمیں تکلیف ضرور پہنچائے گا، بس آپ باری تعالیٰ کی بارگاہ میں سفارش فرما کر ہمیں یہ شعور عطا کرادیجیے کہ ہم ایک بار یہ فیصلہ کر ہی لیں کہ ہمارے لیے وہ درد اہم ہے یا درد پہنچانے والا ظالم…تاکہ اِن میں سے کسی کو بھی ”دور“ کرنے کا فیصلہ آسان ہوجائے۔۔۔!